ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / امریکہ:احتجاجی مظاہرے کے دوران فائرنگ، 4پولیس اہلکار ہلاک

امریکہ:احتجاجی مظاہرے کے دوران فائرنگ، 4پولیس اہلکار ہلاک

Fri, 08 Jul 2016 16:00:36  SO Admin   S.O. News Service

ڈیلاس 8جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں پولیس کے ہاتھوں دو سیاہ فام امریکی شہریوں کی ہلاکت کے خلاف ہونے والے ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران کم از کم چارپولیس اہلکاروں کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ڈیلاس کے پولیس چیف ڈیوڈ براؤن نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ جمعرات کی شب ایک کمین گاہ سے کم از کم دو مسلح افرادنے چھپ کر پولیس پر فائر کھول دیے جس کے نتیجے میں کم از کم چار پولیس والے ہلاک ہوئے جبکہ ایک شہری زخمی ہوگیاہے۔ گھات لگا کر پولیس پر فائرنگ کرنے والے سنائپرز کی طرف سے 11 پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی جن میں سے کم ازکم چار ہلاک ہو چُکے ہیں۔ سنائپرز کی طرف سے تشدد کی یہ کارروائی دراصل گزشتہ دو روز کے دوران پولیس کے ہاتھوں دو سیاہ فام افراد کی ہلاکت کے ردعمل کے طور پر عمل میں آئی ہے۔ڈیلاس کے پولیس چیف ڈیوڈ براؤن کے بقول،ہمارے خیال میں یہ مشتبہ افراد دو مختلف مقامات پر چھپ کر بیٹھے تھے اور ان کا منصوبہ پولیس اہلکاروں کو گھیر کر زخمی یاہلاک کرنے کا تھا۔ان احتجاجی ریلیوں میں سے ایک کے منتظم ریورنڈ جیف ہوڈ نے دیکھا کہ جیسے ہی گولیاں چلیں تو لوگ خودکو بچانے کے لیے بھاگے۔دریں اثناء امریکی صدر باراک اوباما نے پولینڈ میں جمعے سے شروع ہونے والے نیٹو اجلاس میں شرکت کے لیے وارسا پہنچنے سے پہلے ہی ڈیلاس میں پولیس پر ہونے والی فائرنگ کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تمام امریکیوں کو پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام افراد کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں پر تشویش ہونی چاہیے۔مقامی میڈیا کے مطابق پولیس پر گھات لگا کر فائرنگ کا یہ واقعہ جمعرات کی شب رونما ہوا۔ جائے وقوعہ پر جمع ہونے والے احتجاجی مظاہرین رواں ہفتے بیٹن روج، لوزیانا، مضافاتی سینٹ پال اور مینیسوٹا میں امریکی پولیس کی طرف سے سیاہ فام باشندوں پر کی جانے والی خونریز فائرنگ کے واقعات کے خلاف غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کر رہے تھے۔ڈیلاس میں ہونے والا یہ احتجاج ملک بھر میں ہونے والی احتجاجی جلسوں کی ایک کڑی تھی۔ جمعرات کو ڈیلاس میں ہونے والے خونریز احتجاج کو تاہم بدھ کے روز امریکی ریاست مینسوٹا میں سیاہ فام شخص فیلینڈو کاسٹل کی ہلاکت کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ اس شخص کو اُس وقت گولی مار کر ہلاک کیا گیا جب وہ گاڑی سے اپنا ڈرائیونگ لائینس نکال رہا تھا۔ اس واقعے سے ایک روز قبل ایلٹن سٹرلنگ نامی ایک اور سیاہ فام شخص کو ریاست لوزیانا میں پولیس کے ایک اہلکار نے گولی مارکرہلاک کر دیا تھا۔امریکی صدر کا کہنا ہے کہ یہ صرف سیاہ فاموں کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک امریکی مسئلہ ہے اور سب کو اس بارے میں خیال رکھنا ہوگا۔
 


Share: